ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مصر نے منشیات سے لدا ایرانی بحری جہاز پکڑ لیا

مصر نے منشیات سے لدا ایرانی بحری جہاز پکڑ لیا

Tue, 20 Dec 2016 13:14:15    S.O. News Service

قاہرہ،19دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مصری حکام نے بحر احمر کے راستے مصر کی حدود میں داخل ہونے والے ایک ایرانی بحری جہاز کو پکڑا ہے جو منشیات لے کر جا رہا تھا۔مصری فوجی ترجمان محمد سمیر کے مطابق ایرانی جہاز کے بارے میں قبل از وقت اطلاع ملنے پر مصری بحریہ نے علاقے میں پہنچ کر ایرانی جہاز کو روک لیا۔ جہاز کی تلاشی لینے پر اس میں سے سفید پاؤڈر کے 319تھیلے برآمد کر لیے گئے۔ ان تھیلوں کو بیت الخلاء کے فرش کے اندر چھپایا گیا تھا اور ان کا مجموعی وزن تقریبا 171کلوگرام ہے۔ اس کے علاوہ مختلف برانڈ کے 8موبائل فون ، ایک سیٹیلائٹ فون ، وائرلیس سیٹ اور نقدی بھی ملی۔جہاز کو قبضے میں لے کر عملے کے 7افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان میں 4ایرانی ، 2ہندوستانی اور ایک پاکستانی شامل ہے۔ متعلقہ حکام کو قانونی کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔مصری سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایران جنگوں ، فتنوں اور منشیات کے ذریعے عرب ممالک کے نوجوانوں کو تباہ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ایران منشیات کی تجارت کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔ وہ اس کی اسمگلنگ کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی کو مختلف ممالک میں جنگوں اور اپنے زیر انتظام ملیشیاؤں کی فنڈنگ کے لیے استعمال کرتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ پہلا ایرانی بحری جہاز ہے جو مصر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ وہاں منشیات کی اس مقدار کو پھیلا سکے تاہم مصری سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کر کے اسے ناکام بنا دیا۔


Share: